Wednesday, 20 June 2012

المتکبر

المتکبر
﴾بڑائی کر نے والا﴿
(عدد: 662)
متکبر وہ ذات ہے جو اپنی ذات کے مقابلہ میں سب کو حقیر سمجھے ۔ عظمت اور بڑائی فقط اپنے نفس کے لیے جا ئز سمجھے۔ دوسروں کو اس نظر سے دیکھے جس طرح بادشاہ اپنے غلاموں کو دیکھا کرتے ہیں اگر یہ حالات سچے طور پر پائے جائیں تو تکبر ایسی ذات کے شایا ن شان ہو گا اور اگر یہ اوصاف نہ پائے جا ئیں اور تکبر پایا جا ئے تو یہ تکبر باطل اور مذموم ہو گا۔(امام غزالیؒ)حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ نے منبر پرفرمایا اے لو گو! متواضع بنو کیوں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس شخص نے اللہ تعالیٰ کے لیے تواضع اختیار کی اللہ تعالیٰ اس کو سرفراز فرما ئے گا۔ وہ اپنے خیال میں ذلیل ہو لیکن لوگوں کی نظروں میں بہت بڑا ہو گا۔ اور جس نے تکبر کیا اللہ تعالیٰ اسے ذلیل کر دے گا۔ وہ لو گو ں کی نظر وں میں ذلیل اور اپنے خیال میں بڑا ہو گا یہاں تک کہ وہ لو گو ں کے ہا ں کُتے اور خنزیر سے بھی زیادہ ذلیل ہو گا۔ (رواہ البیہقی)ایک حدیث قدسی میں ارشاد فرمایا:۔ ” بڑائی میرا تہبند اور عظمت میری چادر ہے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کی عظمت ، اس کا جلال اس کا رتبہ اور اس کی صحےح معنی میں قدر اورعزت کوپہچا ن لے گا وہ خو د بخود عاجزی و انکساری اختیار کرے گا۔ “انسان کو چاہیے کہ اپنی اصل کو نہ بھولے اور عاجزی وانکساری اختیار کرے کیوں کہ تکبر صرف اللہ تعالیٰ ہی کو زیب دیتا ہے۔

اورادووظائف
فرزند صالح کا حصول
جو شخص بیو ی کے پاس جاتے وقت اس اسم پاک ”یا متکبر “ کی دس بار تلا وت کر ے گا اللہ تعالیٰ اسے نیک فرزند عطا فرمائے گا۔

حصول شرف و عزت
جو شخص اس اسم پاک کی کثرت کر ے گا انشاءاللہ اسے عزت و جاہ حاصل ہو گی۔ اس کا ذاکر خلقت سے الگ یکسوئی کی تلا ش میں ہو گا دنیاوی ہنگاموں سے متنفر ہو گا۔ دینی مجا لس میں فرحت محسوس کرے گا۔

سر کشو ں کی ذلت
شیخ مغر بی رحمتہ اللہ علیہ کا قول ہے یہ ذکر صالحین اور عابدین کے اذکار سے ہے اس اسم پاک کے ذاکر میں تہذیب و شائستگی پیدا ہو تی ہے اور عوام و خواص کی نظروں میں صاحب عزت ہوتا ہے۔ اور اس کے سامنے سر کش ذلیل و سر نگوں ہوتے ہیں۔

بدخوابی سے حفاظت
جس شخص کو بد خوابی یا سوتے میں ڈر لگتا ہو سونے سے پہلے اکیس دفعہ اس اسم مبارک ” یا متکبر “کو پڑھ کر خا مو ش ہو کر سو جا ئے انشاءاللہ کبھی بد خوابی نہ ہو گی۔

ہر برائی سے تحفظ
اگر کو ئی شخص اس اسم پا ک کو499 دفعہ یا662 دفعہ جمعہ کے روز مکا ن کی دیوار پر لکھے تو اللہ تعالیٰ اس مکان یا شہر یا باغ کو ہربرائی سے محفوظ رکھے ۔ اور جو اس شر ف مریخ میں لکھ کر پاس رکھے گا سر کش اس کے سا منے ذلیل ہو گا۔